پنجاب کابینہ نے حلف اٹھا لیا‘ سینئر وزیر ذاتی کاروبار سے الگ....

Aug 28, 2018

لاہور (خبرنگار+ خصوصی نامہ نگار) پنجاب کی 23 رکنی صوبائی کابینہ نے گزشتہ روز گورنر ہاﺅس لاہور میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پروےز الہٰی نے صوبائی وزرا سے حلف لیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب طارق نجیب نجمی نے تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔ حلف اٹھانے والے وزرا میں عبدالعلیم خاں، میاں محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، حافظ ممتاز احمد، مخدوم ہاشم جواں بخت، سمیع اللہ چوہدری، فیاض الحسن چوہان، یاسر ہمایوں، میاں محمد اسلم اقبال، محمد بشارت راجہ، راجہ راشد حفیظ، محمد تیمور خان، محسن لغاری، انصر مجید نیازی، مراد راس، محمد سبطین خاں، سردار محمد آصف نکئی، حافظ عمار یاسر، ملک نعمان لنگڑیال، سردار حسنین بہادر دریشک، ملک محمد انور، چوہدری ظہیر الدین، محمد ہاشم ڈوگر شامل ہیں۔ حلف برداری کی پُروقار تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان احمد خان بزدار، مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد اکرم چوہدری، انسپکٹرجنرل آف پولیس پنجاب امام کلیم، ممبران صوبائی اسمبلی اور صوبائی سیکرٹریزکے علاوہ دیگر عمائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ قبل ازیں، قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان احمد خان بزدار نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی سمیت صوبے کے انتظامی امورکے علاوہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے وزارت کا حلف اٹھانے سے قبل اپنے ہر قسم کے ذاتی بزنس و کمپنیوں سے علیحدگی، چیف ایگزیکٹو اور دیگر عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تبدیلی کی عملی مثال قائم کرتے ہوئے عمران خان کے ویژن کے مطابق حکومت میں رہتے ہوئے ذاتی کاروبار کو بڑھاوا نہ دینے کی پالیسی پر عمل کریں گے جس کےلئے بطور چیئرمین اور سربراہ اپنی کمپنیوں سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ5برس پارٹی کی جانب سے سونپی جانے والی ذمہ داریوں سے عہدہ برا ہونے کی بھرپور کوشش کریں گے اور نئے پاکستان کی تشکیل میں اپنا مکمل حصہ ڈالیں گے۔ حلف برداری کے فوری بعد ملنے والی سرکاری گاڑی لینے سے انکار کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ حکومتی فرائض کی بجا آوری کےلئے بھی ذاتی گاڑی استعمال کریں گے اور سرکاری وسائل خرچ نہیں کرینگے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ اپنی ماہانہ تنخواہ شوکت خانم ہسپتال کو عطیہ کریں گے اور دفتر میں آنے والے مہمانوں کی تواضع اپنی جیب سے کریں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کفایت شعاری کی مہم میں ہم عمران خان کے شانہ بشانہ نہیں بلکہ اُن سے دو قدم آگے چلیں گے اور عوام کے ٹیکسوں سے جمع ہونے والی رقوم کو انہی کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر سردار حسنین بہادر دریشک نے بھی کفایت شعاری مہم کے تحت سرکاری گاڑی لینے سے انکار کردیا۔ سردار حسنین دریشک نے کہا ہے حکومتی وسائل نہیں لوں گا، انہوں نے تنخواہ بھی نہ لینے کا اعلان کیا۔لاہور سے سپیشل رپورٹر کے مطابق حکومت پنجاب نے 15 صوبائی وزیروں کی تعیناتی اور محکموں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

پنجاب کابینہ

مزیدخبریں