صدارتی امیدوار، پیپلز پارٹی کا اعلیٰ سطح اجلاس آج پھر طلب کر لیا گیا

Aug 28, 2018

اسلام آباد (عترت جعفری) پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کی مصالحت کاری کے بعد آج اعلیٰ سطح کا اجلاس بلایا ہے جس میں ایک بار پھر صدارتی الیکشن کے معاملہ پر غور کیا جائے گا اور حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ گزشتہ روز بھی پی پی پی کے صدر آصف زرداری نے ایف آئی اے کے ہیڈ کوارٹرز جانے سے قبل اور وہاں سے واپسی کے بعد بھی پارٹی کے سینئر رہنماؤں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور دیگر رہنماؤں سے مشاورت جاری رکھی اور حتمی طور پر اپوزیشن کو آگاہ کردیا گیا تھا کہ بیرسٹر اعتزاز احسن ہی پی پی پی کی طرف سے صدارتی امیدوار ہوں گے اور کسی دوسرے امیدوار کا نام نہیں دیا جائے گا۔ مشاورتی اجلاس میں آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمان کے مسلم لیگ ن اور دوسری اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے صدارتی امیدوار بننے پر تشویش ظاہر کی۔ گزشتہ روز پی پی پی،مسلم لیگ ن کی طرف سے صدارتی انتخاب میں متفقہ امیدوار نہ لانے کے حوالے سے ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرانے کا سلسلہ جاری رہا۔ بعدازاں مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری ملاقات کی جس میں مسلم لیگ ن کے بیرسٹر اعتزاز احسن پر تحفظات پر بات ہوئی تاہم پی پی پی کی قیادت نے ان کی نامزدگی کو واپس لینے کا کوئی اشارہ نہیں دیا۔ پی پی پی کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ آج بات چیت کی روشنی میں ساری صورتحال پر ازسرنو غور کیا جائے گا اور جو بھی رائے سامنے آئے گی اس سے اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کو آگاہ کردیا جائے گا۔

مزیدخبریں