لاہور (نیوز رپورٹر) سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ پنجاب میں ڈاکٹرز محنت، لگن، دیانتداری اور انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب کے دور دراز علاقوںکے ہسپتالوں میں بہترین سہولیات کی فراہمی ڈاکٹرز اور عملہ کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ انھوںنے کہا کہ لوگوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں نوجوان ڈاکٹرز کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ صحت فیلڈ میں کام کرنے والے ڈاکٹرز کے مسائل سے آگاہ ہے ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ یہ بات سیکرٹری پرائمری ایند سیکنڈری ہیلتھ کیئر علی بہادر قاضی نے آج یہاں ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر شہناز نسیم، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر منیر احمد، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ہارون جہانگیر، پراجیکٹ مینیجر ڈاکٹر زاہدہ سرور، ڈپٹی سیکرٹری آمنہ لطیف، ڈاکٹر فوزیہ، ڈاکٹر یداللہ اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر ملتان نے شرکت کی۔ جبکہ وفد کے ارکان نے ڈاکٹر حامد بٹ کی صدارت میں ملاقات کی۔