پولیس صحافی ذیشان اشرف بٹ کے قاتل کو گرفتار کرنے میں ناکام

سیالکوٹ(نمائندہ خصوصی)ڈی پی او سیالکوٹ عبدالغفار قیصرانی صحافی ذیشان اشرف بٹ شہید کے قاتل عمران اسلم چیمہ کو گرفتار کرنے میں بری طرح ناکام ، اہل خانہ و صحافیوں کودلاسوں کے سہارے بے یارومددگار چھوڑدیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق سمبڑیال کے پریس کلب کے سا بقہ چیئرمین صحافی ذیشان اشرف بٹ جو کہ اپنی صحافتی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے متعلقہ یونین کونسل کے چیئرمین عمران اسلم چیمہ المعروف عمرانی چیمہ کی فائرنگ سے شہید ہوگیا تھا جس پر چیف جسٹس آف پاکستان نے سوموٹوایکشن لیتے ہوئے آئی جی پنجاب اور ڈی پی او سیالکوٹ کو فی الفور ملزمان کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا لیکن ڈی پی او سیالکوٹ عبدالغفار قیصرانی کی چشم پوشی اور ملزمان کی گرفتاری پر ہیلے بہانوں سے کام لینے پر شہید صحافی کے اہل خانہ اور صحافیوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ملزمان کی گرفتاری کے لئے متعدد مرتبہ ڈی پی او سیالکوٹ سے بات کی گئی لیکن ڈی پی او سیالکوٹ اس اہم مقدمہ میں عدم دلچسپی کی وجہ سے ملزمان گرفتار نہ کر پا رہے ہیں۔صحافی تنظیموں اور اہل خانہ نے سیالکوٹ پولیس پر عدم اعتماد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ملزم عمران چیمہ کو فی الفور گرفتار کر کے کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو پورے پاکستان میں احتجاجی مظاہرے شروع کر دیئے جائیں گے جو کہ مرکزی ملزم عمران چیمہ کی گرفتاری تک جاری رہیں گے۔

ای پیپر دی نیشن