رائے ونڈ (نامہ نگار)رائے ونڈ کے قومی حلقہ 136سے منتخب مسلم لیگ(ن) کے ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے کہا کہ قوم نوا شریف کے ساتھ کھڑی ہے۔بدترین دھاندلی کرکے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا،دھاندلی، ہارس ٹریڈنگ کی بنیاد پر قائم حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔انہوں نے کہا کہ بہت سے فیصلے الیکشن سے پہلے ہی ہو چکے تھے،جو لوگ مشرف کے ساتھ بیٹھے تھے وہی اس وقت ایوان کا حصہ ہیں۔ حکمرانوں کو وقت دیں گے تاکہ عوام ان کی اور ہماری کارکردگی کا موازنہ کرسکیں،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے کبھی اداروں میں ٹکراؤ کی سیاست کو پروان نہیں چڑھایا اور نہ ہی وہ مستقل میں ایسا کرنے کا کوئی ارادہ رکھتی ہے،پاکستان مسلم لیگ (ن)نے ہمیشہ اداروں کی مضبوطی، بالادستی اور استحکام کے لئے جدوجہد کی ہے۔ نواز شریف کی جڑیں عوام میں پہلے جیسی مضبوط ہیں،جس کی بنیادیں قوم کی خدمت آئین کی سربلندی اور ووٹ کی حرمت پر استوار ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کو طے شدہ منصوبے کے تحت شکست سے دوچار کیا گیا،یہ آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور ہمارے حوصلے بلند ہیں۔
دھاندلی، ہارس ٹریڈنگ کی بنیاد پر قائم حکومت نہیں چل سکتی: ملک افضل کھوکھر
Aug 28, 2018