مغرب میں پھیلتا گستاخانہ کلچر عالمی امن کے لئے شدید خطرہ ہے: حامد رضا

Aug 28, 2018

لاہور( خصوصی نامہ نگار)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش امت مسلمہ کی غیرت کے لئے چیلنج ہے۔ مسلم حکمران گستاخانہ خاکوں کی نمائش رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ مغرب میں پھیلتا گستاخانہ کلچر عالمی امن کے لئے شدید خطرہ ہے۔ گستاخانہ خاکوں کی نمائش کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں۔ پاکستانی حکومت ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کرے۔ اقوام متحدہ مقدس شخصیات کی توہین روکنے کے لئے موثر قانون سازی کرے۔ سنی اتحاد کونسل کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے خلاف ہالینڈ کی حکومت، مسلم حکمرانوں، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور عالمی اداروں کو احتجاجی خطوط ارسال کر دیئے گئے ہیں۔ گستاخانہ خاکوں کی نمائش کا اعلان مذاہب کو لڑانے کی عالمی سازش ہے۔ امت مسلمہ ناموس رسالت کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ ہماری زندگیاں ناموس رسالت کی امانت ہیں۔ گستاخانہ خاکوں کی نمائش کا اعلان دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے دلوں کو آگ لگانے کے مترادف ہے۔ مغربی طاقتیں مسلمانوں کے جذبہ عشق رسول سے خائف ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کا وفد اسلام آباد میں سفیروں سے ملاقات کر کے انھیں گستاخانہ خاکوں کی نمائش سے متعلق اپنی تشویش سے آگاہ کرے گا۔ ہالینڈ کی حکومت امن دشمن انتہا پسند عناصر کی گستاخانہ سرگرمیوں کو روکنے کی ذمہ داری پوری کرے۔ ناموس رسالت کا تحفظ ہمیں اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے۔ ہالینڈ کی حکومت ہوش کے ناخن لے۔ آزادی اظہار کی آڑ میں ناموس رسالت پر حملے ناقابل برداشت ہیں۔ آذادی اظہار کی حدود و قیود کا تعین کیا جائے۔

مزیدخبریں