لاہور(خبر نگار)مسلم لیگ ن لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک، و جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا ہے کہ عوام کوکھوکھلے دعووں سے نہیںبہلایاجاسکتا۔مسلم لیگ (ن) نے اپنے دورحکومت میں تعمیروترقی کی سیاست کر کے عوام سے کئے وعدوں کوپوراکیا۔پی ٹی آئی کی حکومت بھی پانی کا ایک بلبلہ ثابت ہوگی اوربہت جلد ان کی حقیقت عوام کے سامنے آجائے گی۔جعلی مینڈیٹ کی بنیاد پربننے والی حکومت جلد اپنے انجام کوپہنچے گی۔ مسلم لیگ (ن) کو عوام کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا۔ عمران وزیراعظم بن کربھی نوازشریف فوبیاسے باہرنہیں نکلے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزا سمبلی سیکرٹریٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ارکان اسمبلی سعدیہ تیمور،کنول لیاقت،غزالی سلیم بٹ چوہدری شہباز جاوید اقبال ،رانا احسن شرافت سمیت دیگر بھی موجود تھے ،انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک میں جمہوریت کا فروغ چاہتی ہے ، دھاندلی الیکشن کمیشن کے ماتھے پر بہت بڑا بدنما داغ ہے ملک کے استحکام اور جمہوریت کی بقاء کیلئے انتخابات کو قبول کیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت کا امتحان شروع ہورہا ہے اچھے کام کی تعریف کریں گے مگر کسی ایسے عمل کو برداشت نہیں کریں گے جس سے جمہوری عمل پر آنچ آنے کا خدشہ پیدا ہو۔
عوام کو کھوکھلے وعدوں سے نہیں بہلایا جاسکتا: پرویز ملک‘ عمران نذیر
Aug 28, 2018