لاہور (خبرنگار) تحریک پاکستان کے مخلص کارکن و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ، وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، میاں فاروق الطاف ،چیف جسٹس( ر) میاں محبوب احمد،جسٹس(ر) آفتاب فرخ ، جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، کرنل(ر) محمدسلیم ملک ، چودھری ظفر اللہ خان ، محمد ارشد چودھری ، خواجہ خورشید وائیں ،چوہدری محمد طفیل ، رانا سجاد جالندھری، میاں ابراہیم طاہر، ایم کے انور بغدادی، بیگم ثریا خورشید،بیگم مہناز رفیع، ڈاکٹر پروین خان، بیگم صفیہ اسحاق، ڈاکٹر اجمل نیازی اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے اپنے ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن سید احمد سعید کرمانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے ۔ تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ سید احمد سعید کرمانی تحریکِ پاکستان کے اُن نامور کارکنوں میں شامل تھے جنہوں نے زمانہ طالبعلمی ہی میں تحریک پاکستان میں بھرپور حصہ لیا اور اپنا ایک مقام پیدا کیا۔ انہوں نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں جو سرگرم کردار ادا کیا اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ سراپا پاکستان تھے اور پاکستان سے گہری محبت ان کے رگ وپے میں رچی بسی تھی۔ انہوں نے اپنی زندگی پاکستان کی تعمیروترقی اور نظریۂ پاکستان کی ترویج واشاعت کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ بیان میں سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہارکیا گیا۔