لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک حرمت رسول ﷺ پاکستان کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ تحفظ حرمت رسول ﷺکیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔سینٹ میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف متفقہ قرارداد کی منظوری اور وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے اقوام متحدہ میں قرارداد پیش کرنے کا اعلان خوش آئند ہے۔مسلم ممالک ہالینڈ کی مصنوعات کا بائیکاٹ اور اس سے سفارتی تعلقات منقطع کریں۔ مغربی ملکوں کے حکمران شان رسالت ﷺمیں گستاخیاں کرنے والوں کو شہ دے رہے ہیں۔ نبی اکرم کی شان اقدس میں گستاخیاں ناقابل برداشت ہیں۔عالمی سطح پر تمام انبیاء کی حرمت کے تحفظ کیلئے قانون سازی کی جائے۔ تحریک حرمت رسول ؐ کے چیئرمین مولانا امیر حمزہ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، پیر سید ہارون علی گیلانی،محمد یعقوب شیخ ،حافظ عاکف سعید، مولانا محمد امجد خاں،مولانا عبدالرؤف فاروقی، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، حافظ عبدالغفار روپڑی، خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ اور حافظ کاظم رضانے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ نبی کریمؐ کی عزت و حرمت کے مسئلہ پر کوئی مسلما ن خاموش نہیں رہ سکتا۔ شان رسالت میں گستاخیاں کرنے والے ملکوں سے سفارتی تعلقات قائم رکھنے کا کو ئی جواز نہیں ہے۔ مسلم ممالک ہالینڈ کے سفیروں کو ملک بدر اور اپنے سفیر واپس بلائیں۔مغربی ممالک کو صاف طور پر بتادیا جائے کہ توہین رسالت ؐ پر کوئی کمپرومائز نہیں کیاجاسکتا۔تحریک حرمت رسولؐ کے رہنماؤں نے کہاکہ نظریاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر حرمت رسولﷺ کے تحفظ کے لئے سب کو متحد ہونا پڑے گا۔