کراچی (اسٹاف رپورٹر) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سربراہ پیر صاحب پگارو نے آئندہ صدارتی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی ڈی اے وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت کا حصہ ہے اور اتحادی ہونے کے ناطے صدارتی الیکشن میں بھی اس کی حمایت کرے گی انہوں نے یہ یقین دہانی گزشتہ روز کنگری ہائوس کا دورہ کرنے والے پی ٹی آئی کے ایک وفد کو کرائی جو اس جماعت کے صدارتی امیدوار عارف علوی، حلیم عادل شیخ اور دیگر افراد پر مشتمل تھا‘ ملاقات کے موقع پر پیر صدر الدین شاہ راشدی بھی موجود تھے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ پیر صاحب پگارو سے ذاتی طور پر ملاقات ہو ، منتخب ہونے کے بعد سب کا صدر ہوں گا مگر چاہوں گا کہ سندھ کو خصوصی پیکج ملیں۔ پیر صدر الدین راشدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا شکرگزار ہوں کہ ان کا وفد ملنے آیا ہم نے پہلے بھی پی ٹی آئی کے ساتھ الائنس میں الیکشن لڑے ہیں۔