پیرس(اے پی پی) حکومت نے 2019ء کے ملکی اقتصادی شرح نمو کے تخمینے میں کمی اور سال کے دوران وفاقی اداروں سے 4500 ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم ایڈورڈ فلپ نے بتایا کہ حکومت نے اقتصادی ماہرین کی مشاورت کے بعد آئندہ سال کے ملکی اقتصادی شرح نمو کے تخمینے کو 1.9 فیصد سے کم کرکے 1.7 فیصد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جس کی مختلف اقتصادی و دیگر وجوہات ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 2019ء کی قومی مالی بجٹ کی تیاری اقتصادی شرح نمو کے تخمینے پر ہوتی ہے اس لیے زیادہ پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے اقتصادی شرح نمو کے تخمینے میں پہلے ہی کمی کردی گئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو درپیش اقتصادی مسائل سے نمٹنے کے لیے 2019ء کے آخر تک ملک میں 4500 جبکہ 2020ء کے آخر تک کل 10 ہزار سرکاری ملازمتیں ختم کردی جائیں گی۔ اس کے علاوہ 2022ء کے اختتام تک 50 ہزار سرکاری ملازمتیں ختم کرنے کے صدر جمہوریہ کے ایجنڈے کو بھی تکمیل تک پہنچانے کے لیے کارروائی جاری رہے گی۔ یاد رہے کہ صدر ایمانویل میکرون نے اپنی صدارتی مہم کے دوران پانچ سال میں 1 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ سرکاری ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جن میں سے 50 ہزار کا تعلق صرف مرکزی حکومت سے ہے۔