لاہور(خصوصی نامہ نگار ) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم نے تاخیر سے آنے والے اور غیر حاضر افسران وملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دیا ہے اور ان سے وضاحت طلب کرنے اور شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ایک ماہ کے دوران تین دن تاخیر سے آنے والوں کی ایک غیر حاضری شمار ہوگی اور تنخواہ اسی اعتبار سے اداکی جائے گی ۔ ڈائریکٹر جنرل نے مختلف دفاتر کا دورہ کیا اور افسران وملازمین کی حاضری چیک کی ۔ انہوںنے بعض افسران و ماتحتوں کی طرف سے بائیو میٹرک حاضر ی کے لئے رجسٹریشن نہ کروانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ تاخیر سے دفتر آنے والوں اوربائیو میٹرک حاضری نہ لگانے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔علاوہ ازیںعثمان معظم نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل( ریٹائرڈ) مقصود احمد سے ملاقات کی اورایل ڈی اے میں افسران کی خالی اسامیوں پر پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔