کسی تر نوالے کانام پاکستان نہیں، ہم ایٹمی طاقت ہیں: دلاورچوہدری

لاہور( نیوزرپورٹر) ورلڈ کالمسٹ کلب کے مرکزی چیئرمین محمددلاورچوہدری نے کہا ہے کہ کسی تر نوالے کانام پاکستان نہیں،ہم ایٹمی طاقت ہیں۔پاکستان وقت آنے پر اپنے دشمن سمیت دنیا کوچونکادے گا۔جموں وکشمیرکی آزادی تک پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کی تکمیل نہیں ہو سکتی۔ کشمیر کی خصوصی حیثیت پرشب خون مارنیوالے کرداروں نے سات دہائیوں بعد نظریہ پاکستان پر مہر تصدیق ثبت کر دی۔ زمین اورسمندرسے فضاؤں تک پاکستان کی دفاعی صلاحیت قابل رشک ہے۔ ورلڈکالمسٹ کلب کے زیراہتمام یوم دفاع کی مناسبت سے5ستمبر کولاہور میںقومی سیمینارمنعقد ہوگا، جس سے سیاست اورصحافت کے قد آور احباب کیساتھ ساتھ دفاع ماہرین خطاب کریں گے۔وہ ناصر چوہان ایڈووکیٹ کے چیمبر میں ورلڈکالمسٹ کلب کی کورکمیٹی کے اہم اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ ورلڈ کالمسٹ کلب شعبہ خواتین کی مرکزی صدرڈاکٹر نبیلہ طارق ایڈووکیٹ،سینئر کالم نگار عمر فاروقی ،ورلڈکالمسٹ کلب کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمدناصراقبال خان ،مرکزی آرگنائزر اشفاق احمدکھرل ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ،مرکزی سینئر نائب صدورکاشف سلیمان، قاضی سعداخترقریشی ،میاں محمداشرف عاصمی ایڈووکیٹ، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مخدوم وسیم قریشی ایڈووکیٹ ،ممتازاعوان اور مرکزی نائب صدر ناصرچوہان ایڈووکیٹ شریک ہوئے اور باری باری گفتگوکرتے ہوئے قومی سیمینار کے سلسلہ میں مختلف تجاویز دیں۔ ورلڈ کالمسٹ کلب کے عہدیداران اورارکان 6ستمبر کوافواج پاکستان اورسرفروش رینجرز سے اظہار یکجہتی کیلئے قصورمیں گنڈا سنگھ بارڈرکادورہ کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن