لاہور(خصوصی نامہ نگار)تمام مکاتب فکر کا محرم الحرام میں امن و امان کیلئے مشترکہ اعلامیہ پاکستان علماء کونسل نے جاری کر دیاہے، محرم الحرام میں امن و امان کے قیام اور بین المسالک ہم آہنگی کیلئے ہر سطح پر رابطے مضبوط کیے جائیں گے ، یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں کہی گئی، اجلاس میںمختلف مکاتب فکر کے علماء علامہ عبد الحق مجاہد،علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری ، مولانا عبد الکریم ندیم، مولانا پیر اسد اللہ فاروق ، علامہ طاہر الحسن ، علامہ ذاکر الرحمن، علامہ غلام اکبر ساقی ، قاری جاوید اختر، حافظ اسد ندیم، مولانا نعمان حاشر، مفتی ضیاء الحق نقشبندی، قاری حنیف بھٹی اور دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ نے متفقہ طور پر ضابطہ اخلاق میں کہا کہ مذہب کے نام پر دہشت گردی ، قتل و غارت گری خلاف اسلام ہے ۔ کوئی مقرر ، خطیب ، ذاکر یا واعظ اپنی تقریر میں انبیا ء علیہ السلام ، اہل بیت اطہار ، اصحاب رسول ؐ، خلفائے راشدین ، ازواج مطہرات ، ائمہ اطہار اور امام مہدی کی توہین نہ کرے اور ایسا کرنے والے کی کسی مسلک کے نمائندے سفارش نہیں کریں گے۔ کسی بھی اسلامی فرقے کو کافر قرار نہ دیا جائے اور کسی بھی مسلم یا غیر مسلم کو ماورائے عدالت واجب القتل قرار نہ دیا جائے۔
مذہب کے نام پردہشتگردی ، قتل وغارت گری خلاف اسلام ہے :مشترکہ اعلامیہ
Aug 28, 2019