شہریوں کوسینی ٹیشن کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے ماسٹرپلان تیارکرلیا :ایم ڈی واسا

لاہور(خصوصی نامہ نگار) مینجنگ ڈائریکٹر واسا لاہور سید زاہد عزیز نے کہا ہے کہ اتھارٹی شہریوں کوسینی ٹیشن کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے ماسٹر پلان تیار کر لیا ہے جس کے تحت شہرمیں 14 ارب کی لاگت سے 28 کلومیٹر ٹنل بورنگ سیوریج لگایا جائیگا ، جس کا آغاز لاریکس کالونی سے اوراختتام گلشن راوی پر ہو گا، دریائے راوی میں گرنے والے ہزاروں ملین گیلن استعمال شدہ پانی کو صاف کرکے دوبارہ دریا میں ڈالنے کیلئے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے6میگا منصوبوں پر کا شروع ہو گیا ہے ، ایشیئن انفرا سٹریکچر بینک نے فنڈزمہّیاکرنے کی یقین دہانی بھی کرا دی ہے، گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی نے بتایا کہ ٹنل بورنگ سیوریج کا سائز 60 انچ قطر سے شروع ہو کر 96 انچ قطر تک جائیگا۔اس کیلئے گلشن راوی ڈسپوزل سٹیشن کی بلڈنگ کے اندر ایک نیا ڈسپوزل سٹیشن بنایا جائیگا۔اس منصوبے کی تکمیل سے 13 لفٹ سٹیشن بند ہو جائیں گے اور واسا کے اخراجات میں بھی واضح کمی آئیگی۔ انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں کیلئے ایشیئن انفرا سٹریکچر بینک نے فنڈزمہّیا کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے اور ملک کی معروف کنسلٹنٹ فرم اس وقت ڈایزئینگ اور پی سی ون تیا ر کررہی ہے اور جلد ہی ان منصوبوں پر کام شروع کر دیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن