اسلام آباد (پ ر)میر تنہا یوسفی اردوا ور پنجابی کے اہم لکھنے والوں میں سے تھے۔ ان کی پنجابی کہانیاں اور ناول پاکستانی ادب کا گراں قدر سرمایہ ہیں۔ یہ بات اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین سید جنیدا خلاق نے پنجابی کے نامورادیب، شاعر اور ناول نگار میر تنہا یوسفی کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ میر تنہا یوسفی کو2005میں اکادمی ادبیات پاکستان کی طرف سے کتاب’’کالا چانن‘‘ پر ’’سید وارث شاہ ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا اس کے علاوہ ’’مسعود کھدر پوش ایوارڈ ‘‘سے تین دفعہ نوازا گیا اور ’’رائٹرز گلڈ ایوارڈ‘‘ بھی دیا گیا۔ میرتنہا یوسفی کی ادبی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ ان کے انتقال سے پاکستانی ادب ایک اہم لکھنے والے سے محروم ہوگیا ہے۔ چیئرمین ، اکادمی ادبیات پاکستان سید جنید اخلاق اور ڈائریکٹر جنرل، ڈاکٹر راشد حمید نے مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دْعا کی۔میر تنہا یوسفی کی نماز جنازہ میں اکادمی کے افسران اور اہل قلم نے شرکت کی۔