کونٹری ( نمائندہ خصوصی) کوونٹری مسلم ریسورس سنٹر میں آل پارٹی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں صدر تحریک کشمیر برطانیہ راجہ فہیم کیانی نے خصوصی شرکت کی جس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 30 اگست بروز جمعہ کو برمنگھم میں فری کشمیر مارچ منعقد کیا جاے گا۔ اس فری کشمیر مارچ کا آغاز جمعہ کے دن چار بجے برمنگھم سٹی کونسل ہاوس سے ہوگا اور انڈین قونصلیٹ برمنگھم کے باہر اختتام پزیر ہوگا۔ اس آل پارٹیز سے راجہ اصغر ، مبارک کیانی، راجہ اشفاق ، سردار آفتاب ،چوہدری یونس منھاس ،حاجی افتخار، راجہ شیراز، حاجی مبارک کیانی، چوہدری قمر زمان ، راجہ شہزاد و دیگر کمیونٹی قائدین نے مشترکہ طور پر کہا یہ ایک تاریخی مارچ جس دن دہلی تک آواز جاۓ گی، عوام کا ایک جم غفیر ہوگا جو بھارت کو برمنگھم کی سڑکوں پر بے نقاب کرے گا ۔راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ بھارت اپنی دہشت گرد فوج اور آر یس ایس کے غنڈوں کے ذریعے معصوم کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور آئندہ آنے والے دنوں میں مزید غنڈہ گردی کرنے کی تیاری کر رہا ہے، اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کو جھنجھوڑنے کی ضرورت ہے ،آج ہر پاکستانی اور کشمیری پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ باہر نکلے اور انسانیت کا قتل روکنے اور بھارت کے تشدد کو روکنے کے لیے لابنگ کرے ،جمعہ کو منعقد ہونے والی ریلی کو ہم سب نے کامیاب بنانا ہے۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ برمنگھم میں 30 اگست جمعہ کے دن فری کشمیر مارچ میں شرکت کرکے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں جو وقت کی ضرورت ہے تاکہ کشمیریوں کو آزادی نصیب ہو۔