اسلام آباد (نیوز رپورٹر) انٹرپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیویس بیرن کا کہنا ہے کہ پاکستان کے کرونا سے بچاؤ اور پھیلاؤ کنٹرول کے اقدامات مثالی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے انٹر پارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیویس بیرن نے ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر اور کو وڈ 19 سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔گیبریلا کیویس بیرن نے کرونا کے دوران فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی اور دیگر اقدامات سے بہتری آئی، پاکستان کے کرونا سیبچاؤاور پھیلاؤ کنٹرول کے اقدامات مثالی ہیں۔ انٹر پارلیمانی یونین کی صدر کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی بہتری کیلئے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دیںگے۔دوسری جانب گورنر پنجاب نے کہا کہ عالمی برادری اور آئی پی یو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے،بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے۔ چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ کرونا سے قبل ہی کشمیریوں کو بھارتی ظلم و جبر کے لاک ڈاؤن کا سامنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن اورسلامتی کے لیے پاکستان بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔مزید برآںبین الپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیو وس بیرن جمعرات کی صبح گوادر پہنچیں جہاں انہیں گوادر پورٹ میں جاری منصوبوں اور ترقیاتی کاموں بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر انہوں نے روایتی چینی کہانیوں کے اردو ترجمہ پر مشتمل کتب کی تقسیم کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سینیٹر کہدہ بابر اور مرزا محمد آفریدی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب میں بین الپارلیمانی یونین کی صدر کو گوادر ماسٹر پلان سے متعلق بریفنگ گوادر کی تاریخی حیثیت پر مبنی دستاویز ی فلم بھی دکھائی گئی۔
کرونا کیخلاف پاکستان کے اقدامات مثالی، سمارٹ لاک ڈائون سے بہتری آئی
Aug 28, 2020