لاہور(پ ر) پاکستان کی معروف سماجی و سیاسی کارکن، انسانی حقوق کی وکیل میری جیمز گل نے سینیٹری ورکرز کے لئے خدمات کے عوض ایک بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔ سوئیڈن کے مشہور ادارے انا لنڈھ میموریل فنڈ نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ سینیٹری ورکرز اور دیگر محرومی کے شکار طبقات کے حالات بہتر بنانے کی کوششوں کے عوض اس سال کا ایوارڈ میری جیمز گل کو دیا جاتا ہے۔ ادارے نے اپنے اعلامیے میں مزید کہا ہے کہ میری جیمز گل کی کاوشوں سے پاکستان میں خاکروبوں اور سینیٹری ورکرز کے حالات میں بہتری آئی، ان کی حفاظت اور توقیر میں اضافہ ہوا۔ میری گِل سابقہ ایم پی اے پنجاب اسمبلی ہیں اور ان کو یہ ایوارڈ خصوصی طور پر ان کی مہم ‘‘خاکروب ہمارے سپر ہیرو’’ کی پذیرائی کے طور پر دیا گیا ہے۔ ورلڈ ٹوائلٹ ڈے سے منسوب اس ایوارڈ کی تقریب 18نومبر کو سوئیڈن کے شہر اسٹاک ہوم میں منعقد ہوگی جو کہ19نومبر کو منایا جاتا ہے۔
خاکروبوں کی بہتری کیلئے مہم‘ پاکستانی مسیحی خاتون وکیل میری جیمز گل کو سوئیڈن میں ایوارڈ سے نوازا جائیگا
Aug 28, 2020