سیکولربھارت کے حامی آج ہندو توا پالیسیوں کے سبب احتجاج کررہے ہیں: شاہ محمود

Aug 28, 2020

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ عادل الجبیر کا فلسطین کے حوالے سے سامنے آنے والا بیان خوش آئند ہے۔ اس  بیان نے میڈیا میں ہونے والی قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز سابق خارجہ سیکرٹریوں کے  مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں غیر قانونی قبضے والے جموں کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت، افغان امن عمل اور خطے میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر کے نہتے شہری گذشتہ ایک سال سے بدترین کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔ سیکولر بھارت کے حامی،آج بھارت کی ہندتوا پالیسیوں کے سبب سراپا احتجاج ہیں۔ بھارت اپنے داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے شرکاء اجلاس کو افغان طالبان کے ساتھ ہونیوالی ملاقات اور افغان امن عمل کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ دوران اجلاس، متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین طے پانے والے حالیہ معاہدے، اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ وزیر خارجہ نے شرکاء  اجلاس کو اپنے حالیہ دورہ ء  چین اور چینی ہم منصب کے ساتھ ہونیوالی ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا  اور کہا کہ پاکستان افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنا مخلصانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ سابقہ خارجہ سیکرٹریوں  نے افغان امن عمل کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں اور کامیاب دورہ  چین پر وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی۔ اجلاس میں اہم خارجہ پالیسی امور پر مشاورتی سلسلے کو تواتر کے ساتھ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

مزیدخبریں