لاہور (وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے شوگر ملز کے سابقہ آڈٹ کیخلاف درخواستوں پر کمشنر ان لینڈ ریونیو کو 31 اگست کو ریکارڈ سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ جسٹس جواد حسن نے درخواستوں پر سماعت کی۔ جن میں موقف اختیار کیا گیا کہ شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ کی روشنی میں شوگر ملز کے گزشتہ 5 سالوں کا آڈٹ شروع کر دیاگیا ہے، قانون کے مطابق ان لینڈ ریونیو کو شوگر ملز کے گزشتہ سالوں کا آڈٹ کرنے کا اختیار نہیں ،انڈس شوگر ملز کے گزشتہ برسوں کے آڈٹ کے نوٹس کے خلاف کمشنر ان لینڈ ریونیو کے پاس اعتراضات داخل کئے، کمشنر ان لینڈ ریونیو نے موقف سنے بغیر اعتراضات مسترد کر دیئے، کمشنر ان لینڈ ریونیو کا اعتراضات کو مسترد کرنا آئین کے آرٹیکل 4، 10 اے اور 4 کی خلاف ورزی ہے۔