رحیم یار خان(احسان الحق سے)متحدہ عرب امارات(یو اے ای) نے غیر متوقع طور پر لاہو،فیصل آباد اور کراچی سمیت پاکستان کے تیرہ شہروں کے شہریوں کے لئے یو اے ای کے ویزوں کا اجراء معطل کر دیا۔شہریوں میں تشویش کی لہر۔ تفصیلات کے مطابق یو اے ای کے اسلام آباد میں قائم ویزے جاری کرنے والے دفتر نے گزشتہ روز پاکستان بھر کے ٹریول ایجنٹس کے نئی گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ لاہور،کراچی،بنوں،ڈیرہ غازی خان،دادو،فیصل آباد،قمبر شہداد کوٹ،کشمور،لاڑکانہ،مردان،پشاور،راجن پور اور سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے یو اے ای کے لئے دوسری ہدایات تک ای ویزے اپلائی نہ کریں۔ذرائع کے مطابق یو اے ای حکام نے پاکستان کے ان تیرہ شہروں پر ویزوں کا اجراء کن وجوہات کی بناء پر معطل کیا ہے اس کی ابھی تک کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی۔بعض ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران پاکستان کے چند مزید شہروں کے شہریوں پر بھی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔