بھارت کے غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں محرم کے جلوسوں کے دوران پاکستان کے حق میں نعرے

Aug 28, 2020

سرینگر (اے پی پی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سرینگر کے مختلف علاقوںمیں محرم کے جلوسوں کے دوران لوگوں نے پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق لوگوں نے ’’ ہم پاکستانی ہیں ۔ پاکستان ہمارا ہے‘‘  اور  ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے ۔ دریں اثنا بھارتی پولیس نے نعرے لگانے کی پاداش میں مختلف علاقے میں چھاپوں کے دوران متعدد افراد گرفتار کر لیے۔غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں تاجر تنظیم ’’ کشمیرچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز‘‘ نے کہا ہے کہ 5اگست 2019سے جاری محاصرے کی وجہ سے کشمیر میں تمام کاروباری شعبوںکو ناقابل تلافی نقصانات سے دوچار ہونا پڑا جبکہ ابتدائی تخمینے کے مطابق کاوباری شعبے کو  اس دوران چالیس ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ’ کشمیرچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز‘‘کے صدر شیخ عاشق نے سرینگر میں ایک انٹریو میں کہا کہ گزشتہ برس 5  اگست سے جاری پابندیوں کی وجہ سے علاقے میں کاروبار کے تمام شعبوں ، تجارتی اداروں ، ہوٹل مالکان اور ٹرانسپوٹروں کے ساتھ ساتھ سیاحت و تعلیمی شعبے کو بھی ناقابل تلافی نقصانات سے دوچار ہونا پڑا ہے۔ انہوںنے کہا کہ نجی سیکٹر میں کام کرنے والے لگ بھگ 5  لاکھ افراد اپنے کام کاج سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مختلف کاروبار سے وابستہ افراد جنہوںنے بنکوں سے کروڑوں روپے کے قرضے لیے تھے کام کاج ٹھپ ہونے کی وجہ سے انکی معاشی حالت اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ وہ قرضوں کی قسطیں ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوںنے کہا کہ وہ ایک سال کے دوران ہونے والے نقصانات کے بارے میں مکمل معلومات جمع کر رہے ہیں اور بہت جلد ایک مفصل رپورٹ منظر عام پر لائی جائے گی۔

مزیدخبریں