آرٹیفیشل انٹیلی جنس فضائیہ کی آپریشنل استعداد بڑھانے میں معاون ثابت ہو گی: ایئرچیف

Aug 28, 2020

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر) سربراہ پاک فضائیہ مجاہد انور خان نے اسلام آباد میں سینٹر آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ کمپیوٹنگ کا افتتاح کر دیا۔ ائر چیف نے سنٹر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ مجاہد انور خان کا کہنا تھا سینٹر آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ کمپیوٹنگ کی بنیاد پاک فضائیہ کے ارتقائی سفر میں ایک اہم قدم ہے جس کا مقصد آرٹیفیشل  انٹیلی جنس ریسرچ کو سول اور ملٹری شعبہ جات میں فروغ دینا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 21 ویں صدی میں ٹیکنالوجی نے جنگی حکمت عملی کو یکسر تبدیل کر دیا ہے، اس ادارے کا قیام آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی صلاحیتوں کو پاک فضا ئیہ کی آپریشنل استعداد کار بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔ قبل ازیں ائر مارشل عامر مسعود، ڈپٹی چیف آف دی ائر سٹاف (ٹریننگ) نے اپنے استقبالیہ خطاب میں اس نئے قائم شدہ سنٹر کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں سابقہ ائر چیفس، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور پاک فضائیہ کے سینئیر ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران نے شرکت کی۔

مزیدخبریں