تارکین وطن مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں،فاروق حیدرخان

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ تارکین وطن مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں اور کشمیریوں کے بنیادی حق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں ۔ مودی کے اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی قیادت کو بھی اپنی غلطی کا احساس ہو گیا ہے اور انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی پانچ اگست سے قبل والی پوزیشن بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے اوورسیز کمشنر زبیر اقبال کیانی، اوورسیز کوآرڈینیٹربرائے یورپ چوہدری نعیم اور چوہدری رضوان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا  ہندوستان خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے جس کے اثرات پوری دنیا تک جائیں گے ۔ہندوستان کے حکمران اپنی سرپرستی میں کشمیریوں کا قتل عام کروا رہے ہیں ۔ ہندوستا ن نے مقبوضہ کشمیرکی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے اندرون بھارت سے مقبوضہ وادی میں ہندو آباد کاری کا منصوبہ شروع کر رکھا ہے ۔ تارکین وطن ہمارا سرمایہ ہیں ۔ دنیا بھر میں آبادآزادکشمیر کے شہری کشمیریوں کے سفیر ہیں۔حکومت آزادکشمیر نے تارکین وطن کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ۔ کرونا وباء کے دوران بھی تارکین وطن کو واپس لانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کیااور اوورسیز کوآرڈینیٹر سے بھی اس دوران مسلسل رابطے میں رہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ 5اگست کا اقدام اندرون بھارت سے ہندوئوں کولاکر مقبوضہ کشمیر میں آباد کرنا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جا سکے ۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان نوجوانوں کو جیلوں میںقید کر کے ان پر تشدد کررہا ہے جن میں سکول پڑھنے والے بچے بھی شامل ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں5اگست کے بعد لاک ڈائون اور کرفیو ہے ۔ حریت رہنماء قید ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ بین الاقوامی دنیا کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دلوانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔ اگر مسئلہ کشمیر کو حل نہ کیا گیا تو اس کے اثرات پوری دنیا تک جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ تارکین وطن نے اپنی محنت سے دیار غیر میں اپنا مقام بنایا ہے ۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اوورسیز کشمیریوں کو سہولیا ت کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے ہیں ۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز اٹھانے پرتارکین وطن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ تارکین وطن دنیا کے مہذب ممالک کو ہندوستان کا اصل چہرہ اورمقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کریں ۔ اس موقع پر  اوورسیز کمشنر زبیر اقبال کیانی، اوورسیز کوآرڈینیٹربرائے یورپ چوہدری نعیم اور چوہدری رضوان نے کرونا وبا کے دوران حکومت آزادکشمیر کی جانب سے بھرپور تعاون پر اوورسیز کشمیریوں کی جانب سے وزیر اعظم آزادکشمیر کا شکریہ ادا کیا۔ 

ای پیپر دی نیشن