لاہور(خصوصی نامہ نگار)ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سرداردوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ یومِ عاشور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے جان تک کی قربانی پیش کرنے کا درس دیتا ہے۔یہ دن واضح کرتا ہے کہ فتنہ و فساد کے خلاف ڈٹ جانا ہی انسانیت کا اعلیٰ ترین مقام ہے۔یہ دن ہمیں حق کی سر بلندی کے لیے ذاتی مفادات سے بلند ہونے کا سبق دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے خانوادے کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ عالم اسلام اپنے باہمی اختلافات، فرقہ پرستی اور گروہ بندی کا خاتمہ کر کے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر اسلام کی سربلندی کے لیے متحد ہو جائیں۔حضرت امام حسین کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے ہم ملک سے دہشت گردی، انتہا پسندی اور معاشرتی عدم برداشت کا خاتمہ کرسکتے ہیں اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں جمہوری اقدار کو بھی فروغ دے سکتے ہیں اور انہی تعلیمات پر عمل پیراہ ہوکر ہم عالمی امن اور بھائی چارہ قائم کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ زندہ اقوام کی علامت یہی ہوتی ہے کہ وہ اپنی تاریخ، اسلاف کے کارناموں اور واقعات سے باخبر رہتی ہیں اور یومِ عاشور بھی ہمیں تاریخی حقائق سے باخبر رہنے، سیکھنے اور اپنے نبی ﷺ کے دین کی خاطر قربان ہونے کا درس دیتا ہے۔
یومِ عاشور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے جان تک کی قربانی پیش کرنے کا درس دیتا ہے: سرداردوست محمد مزاری
Aug 28, 2020 | 18:52