مہنگائی کی شرح بھارت اوربنگلہ دیش سے بھی زیادہ ہے،شازیہ مری 

کراچی (وقائع نگار)مرکزی اطلاعات سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی شازیہ مری کا تباہی سرکار کے تین سالہ حکومت مکمل ہونے پر اپنے ایک بیان میں کہاکہ پاکستان میں غربت کی شرح تقریباً 40 فیصد ہو گئی ہے اور 20 لاکھ سے زائد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں، 40 فیصد سے زائد لوگ غذائیت سے بھرپور خوراک کو ترس رہے ہیں، غذائی قلت کی وجہ سے ملک میں تقریبا 30 فیصد سے زیادہ بچے غذائی قلت کا شکار ہیں، شازیہ مری کاکہناتھاکہ 2019 میں ہر ایک ہزار پیدا ہونے والے بچوں میں سے67 بچے بہتر صحت سہولیات نہ ہونے پر 5 سال سے پہلے ہی موت کا شکار ہوگئے،گذشتہ دو برسوں میں 6.7 ملین سے زائد پاکستانیوں کی آمدنی میں کمی آئی ہے،کے پی صوبے میں آنے والے مون سون سیلاب کے نتیجے میں  تقریبا، 16،780 خاندان ابھی تک  بے گھر ہیں،انہوں نے کہاکہ عمران نیازی نے کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے کا اعلان تو کیا لیکن کوئی پلانٹ نہیں لگایا گیا اور کراچی اب بھی پانی کے بحران کا شکار ہے،3 برسوں میں عوامی قرضے 52.3 فیصد کے اضافے کے ساتھ 38.006 کھرب روپے تک جا پہنچے ہیں اس وقت ملک میں مہنگائی کی شرح دوگنی ہوکر11 فیصد تک جا پہنچی ہے،انکم ٹیکس میں 15 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جو ملک کی 78.3 فیصد آبادی پر بوجھ ہے،گزشتہ تین برسوں میں مہنگائی کی شرح پڑوسی ملک ہندوستان اور بنگلادیش سے بھی زیادہ ہے، پاکستان کو رواں سال جون میں 562،924 ملین کا تجارتی خسارہ  ہوا اور مقامی طور پر پیدا ہونے والی گندم جیسی  فصلیں درآمد کی گئیں، شازیہ مری کامزیدکہناتھاکہ ملکی اقتصادی ترقی کی شرح میں 29.3 فیصد کمی واقع ہوئی ہے،پچھلے 3 سالوں میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں دوگنا اضافی ہوا،2018 میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں 5.5 فیصد تک اضافہ تھا اور 2021 میں یہ بڑھ کر 10.48 فیصد ہو گیاگزشتہ تین برسوں میں بے روزگاری کی شرح 6.2 فیصد سے بڑھ کر 15 فیصد تک ہو گئی ہے، ملک میں سال 2020 میں 20 لاکھ سے زائد لوگ بے روزگار ہو گئے،انہوں نے کہاکہ گردشی قرضے دوگنے ہوکر 2.28 ٹریلین روپے تک جا پہنچے ہیں جبکہ عمران خان نے اسٹیٹ بینک سے قرض نہ لینے کا جشن منایا،پٹرول کی قیمتوں میں 25 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے ،عمران خان اور ان کے ساتھی لوگوں کو گمراہ کرتے رہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ کے حساب سے ملک میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہے،جی ڈی پی کی شرح نمو 5.8 فیصد سے 1.8 فیصد تک جا پہنچی ہے ، بجلی کے نرخوں میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ تاریخ میں پہلی بار لوگوں کو گرمیوں میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑا، شازیہ مری نے کہاکہ ہمیں حکومت کی کارکردگی کو سمجھنے کے لیے 256 صفحات کی رپورٹ کی ضرورت نہیں ہے آخرمیں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کی تین سالہ رپورٹ جھوٹ سے بھری ہوئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن