لائسنسنگ امتحان کیخلاف ڈاکٹر کا احتجاج، لاٹھی چارج ، شیلنگ،5زخمی

Aug 28, 2021

لاہور (نامہ نگار+ سٹی رپورٹر) گارڈن ٹاؤن میں ڈاکٹرز کا این ایل ای کے خلاف امتحانی مرکز کے سامنے مظاہرہ اور زبردستی امتحان رکوانے کی کوشش کی۔ اس دوران پولیس کی جانب سے آنسوگیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج سے پانچ ڈاکٹرز زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزینگ ڈاکٹرز اور میڈیکل کے طلباء این ایل ای کے خلاف ڈٹ گئے، ٹریفک بلاک کر دی ڈاکٹروں نے نیشنل لائسسنگ ایگزیم کے خلاف برکت مارکیٹ میں قائم امتحانی مرکز کے سامنے شدید احتجاج کیا۔  جس سے صبح سات بجے شروع ہونے والا امتحان دوپہر کے وقت شروع ہو سکا۔ پولیس نے احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں پر دھاوا بول دیا، لاٹھی چارج کیا اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ مظاہرین نے بھی شدید مزاحمت کی۔ لاٹھی چارج اور شیلنگ سے پانچ ڈاکٹر زخمی ہوگئے، مظاہرہ کرنے والے طلباء کا کہنا تھا کہ این ایل ای ایک کالا قانون ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے،  پی ایم سی  والے  اپنے وعدے سے مکر رہے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی ایسا امتحان نہیں لیا گیا۔  ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن نے پولیس کے تشدد کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں کام روکنے کی دھمکی دے دی اور مظاہرین نے این ایل ای امتحان کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

مزیدخبریں