اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے گہرا تعلق ہے، ہمارا سب سے بڑا اثاثہ اوورسیز پاکستانی ہیں۔ اسلام آباد میں روشن اپنا گھر پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے سب سے کم اوور سیز پاکستانیوں کا فائدہ اٹھایا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں نے اوورسیز پاکستانیوں کو ترقی کرتے دیکھا ہے، اوورسیز پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، بد قسمتی سے ہم نے اس اثاثے کا فائدہ نہیں اٹھایا، اوورسیز پاکستانیوں نے سب سے زیادہ زر مبادلہ پاکستان بھیجا۔ عمران خان نے کہا کہ سرمایہ کاری میں سب سے زیادہ رکاوٹ کرپشن ہے، سسٹم میں بہتری لاکر سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں قبضہ گروپ بیٹھا ہوا ہے، اوور سیز پاکستانیوں نے پلاٹ لیے جن پر یہاں قبضے ہوگئے۔ وزیراعظم نے کہا سرمایہ کاری میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے۔ پاکستان میں کرپٹ لوگوں کا ریکٹ ہے۔ اووسریز گھر بنانے کیلئے بنکوں سے قرضے بھی لے سکتے ہیں۔ امپورٹ‘ ایکسپورٹ کے فرق کو اسط رح شارٹ ٹرم سکیموں سے کم کر سکتے ہیں۔ اوورسیز پاکستانی گھر بنانے کیلئے بنکوں سے قرض بھی لے سکتے ہیں۔ کسی نے اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود پر توجہ نہیں دی۔ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کیئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔ ہم قبضہ گروپوں کے خلاف جہاد کر رہے ہیں۔ روشن اپنا گھر کے تحت اوورسیز پاکستانی کو گھر پر قبضے کا خوف نہیں ہو گا۔ روشن اپنا گھر سکیم کے پیچھے بنک کی گارنٹی ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنیوالوں میں اراکین قومی اسمبلی میر خان محمد جمالی‘ صداقت علی عباسی اور وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک شامل تھے۔ ملاقات میں بلوچستان میں پارٹی کی تنظیم نو اور بلوچستان کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی۔ ملاقات کرنے والوں میں معاون خصوصی ملک عامر ڈوگر‘ اراکین قومی اسمبلی عامر محمود کیانی‘ نصراﷲ دریشک ‘ رائے محمد اقبال‘ صوبائی وزیر صمصام بخاری‘ حسنین بہادر دریشک‘ سابقہ رکن صوبائی اسمبلی علی رضا دریشک اور رائے زاہد بھی شامل تھے۔ وزیراعظم عمران خان سے بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز شوکت محمود بسرا‘ ممتاز احمد متیانہ‘ ملک مظفر‘ عبداﷲ وینس‘ احتشام لالیکا‘ ندیم شاہ‘ میاں فیاض سکندر بھدیرہ‘ شاہد عمران تیجہ‘ کاشف نوید پنسوطہ اور عبدالواحد نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کا اجلاس ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق چاول کے برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
سرمایہ کاری میں بڑی رکاوٹ کرپشن ، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ، عمران
Aug 28, 2021