وزیر خارجہ کا سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ، برطانوی ہم منصب سے افغان صورتحال پر تبادلہ خیال

Aug 28, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دوطرفہ تعلقات، افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم کابل ائیرپورٹ پر ہونیوالی دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ افغانستان میں اچانک تبدیل ہونے والی صورتحال سب کیلئے حیران کن تھی، عالمی برادری، ماضی کی غلطیوں سے اجتناب کرتے ہوئے افغانستان کو تنہائی کا شکار نہ ہونے دے، ایسے عناصر سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے جو امن کاوشوں کو سبوتاژ کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ برطانوی وزیر خارجہ نے کابل سے برطانوی شہریوں کے انخلا میں پاکستان کی معاونت کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے برطانوی وزیر خارجہ کے ساتھ "ریڈ لسٹ"  کا معاملہ اٹھایا اور پاکستان میں کرونا کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے، ہمیں توقع ہے کہ برطانوی حکومت پاکستان کو "ریڈ لسٹ" پر رکھنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے گی۔ علاوہ ازیں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا۔ افغانستان کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری افغانوں کی سماجی اور اقتصادی معاونت یقینی بنائے۔ سیکرٹری جنرل یو این نے افغانستان میں فلاحی اداروں کی معاونت پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں