لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت تاجربرادری کا خوف ختم کرے،حکومت پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ٹیکسز کی شرح کم کرکے ٹیکس دہندگان سے دوستانہ ماحول میںبات کرنے کامنصوبہ شروع کرے اور اس کے نتائج پر آئندہ کی منصوبہ بندی کی جائے۔ ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب حسین ناگرہ،سینئر نائب صدر قاری حبیب الرحمان زبیری،جنرل سیکرٹری فرحان شہزاد ،ارشد نواز مان نے ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ٹیکس نظام میں بہتری کے لیے تمام سیکٹرز سے تجاویز لیں اور مشاورت سے زمینی حقائق پر مبنی پالیسیاں عمل میں لائیں تاکہ غیر ملکی قرضوں سے نجات ممکن ہوسکتے ،موجودہ حالات میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کااعتماد بحال ہونا خوش آئند ہے مگر تاجربرادری میں سیکشن 203 اور (28) 156 کا خوف ہے ،تاجربرادری ٹیکس نیٹ میں آنے کی بجائے رشوت دیناآسان سمجھتی ہیںکیونکہ افسربھاری جرمانے کر کے تاجروں کو ہراساں کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہی اصل کام ہے، لوگ تھوڑا یا زیادہ ٹیکس دیں اس سے فرق نہیں پڑتا بلکہ ٹیکس نیٹ اور بیس میں اضافہ ہوگا تو خودبخود ٹیکس اہداف پورے ہوں گے۔