میرپورخاص (بیورورپورٹ) حضرت امام حسینؓ کی قربانی شہادت عظیم ہے، تاریخ کا مطالعہ بتاتا ہے کہ نبوت کے جھوٹے دعویدار بھی پیدا ہوتے رہے ہیں بلکہ نبی ولی اور امام کے علاوہ کئی لوگوں نے مقام الوہیت پر فائز ہونے کی کوشش کر ڈالی اور دنیا میں کئی نمرود فرعون اور شداد جیسے افراد بھی پیدا ہوئے جنہوں نے علی الاعلان الوہیت اور ربوبیت کا دعوی کیا، سن 61 ہجری سے آج تک اتنا عرصہ گزر گیا مگر کسی نے امام حسین ؓ جیسا بننے کا دعوی نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید محمد شجاع نقوی نے خانوادہ سید محسن رضا نقوی مرحوم کی جانب سے امام بارگاہ درگاہ مکھن شاہ میں منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس سے قبل سید اسد رضا کاظمی نے حدیث کساء کی تلاوت کی جبکہ سید حمزہ نقوی، اختر شاہ، سید قمر رضا نقوی، اصغر جعفری اور دیگر نے سوز سلام پیش کیا مولانا سید محمد شجاع نقوی نے مذید کہا کہ اللہ تعالیٰ اور امام حسینؓ میں کچھ تو ایسا تعلق ہے جو اپنی مثال آپ ہے ۔مسلمان دامن رسولؐ اور اہلیبیت اطہار کے در سے وابستگی اختیار کریں تاکہ نجات کے ساتھ ساتھ کامیابی و کامرانی ہمارے قدم چومے کیوں کہ یہی وہ مقدس ہستیاں ہیں جنہوں نے باطل کے خلاف ہر معرکہ کو سر کیا اور دین اسلام کو سر بلند کرنے کے ساتھ ساتھ قرآنی تعلیمات کو واضع طور پر انسانیت کے سامنے پیش کیا آج افسوس کی بات یہ ہے کہ پوری اسلامی دنیا میں کشت و خون کا بازار گرم ہے اس کی بڑی وجہ دین اسلام کے اصولوں میں عدم دلچسپی ہے اور اس کے ساتھ دنیا آج کے دور کے یزید کے اشاروں پر ہمیں مشکلات میں مبتلا کر رہی ہے ہمیں حسینی افکار کو اپنانا ہو گا کیونکہ دنیا نے دیکھ لیا کہ خانوادہ رسولؐ نے دین کو مستحکم کیا ۔
خانوادہ رسول نے دین کو مستحکم کیا، مولانا شجاع نقوی
Aug 28, 2021