ظلم کی حکومت مزید برداشت نہیں کی جاسکتی۔علامہ راشد محمود سومرو

کراچی(نیوز رپورٹر)پاکستانی عوام سلیکٹڈ حاکمان کی نااہلی و ناقص کارکردگی سے عاجز آچکے ہیں ۔مہنگائی ،بے روزگاری کا ظلم ہر حد پار کر چکا ہے ۔غریبوں و مظلوموں کی سزا ،اب ختم ہونی چاہیے ۔ظلم کی حکومت مزید بر داشت نہیں کی جاسکتی۔کراچی کا جلسہ استحکام پاکستان و حقوق سندھ کی ضمانت اور عوامی ،فلاحی ،جمہوری ریاست کی بنیاد کا زینہ ثابت ہوگا ۔ان تاثرات کا اظہار PDMکے صوبائی سربراہ اور JUI سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو نے گذشتہ روز پی ڈی ایم کے تحت کراچی میں منعقدہ جلسہ کی تیاریوں کے سلسلے میں مرکزی رہنمائوں کے ہمراہ کورنگی کے دورے کے موقع پر ضیاء کالونی و دیگر علاقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مرکزی ترجمان مولانا محمد اسلم غوری ،مولانا محمد غیاث،ضلعی امیر کورنگی مفتی عبد الحق عثمانی،ضلعی ناظم عمومی قاری فیض الرحمن عابد،مولانا امین اللہ،مولانا سمیع الحق سواتی و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے تو 15سال قبل ہی بتا دیا تھا کہ PTIقائد کا ایجنڈا بیرونی ہے ۔آج بھی وہ غیروںکے اشاروں پر ملک میں وہی کچھ کر رہے ہیں جو مغرب ان سے خواہاں ہے ۔ریاست مدینہ محض راگ الاپنے سے نہیں بنتی ،اس کیلئے صالح و متقی قیادت بنیادی شرط ہے ۔مفتی عبد الحق عثمانی نے کہا کہ ہم نے ملکی عوام کو بیدار کردیا ہے اب انہیں حقیقی آئین ،پارلیمان کی بحالی ،قرارداد مقاصد و اسلامی قوانین کے تحفظ کیلئے گھروں سے نکل کر اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا ۔قاری فیض الرحمن عابد نے کہا کہ انصاف خان کو فراہمی عدل میں ناکامی پر بالآخر زمانے کی نا انصافی کا سامنا کرنا ہوگا ۔مولانا امین اللہ نے کہا کہ ہر ماہ حکومت کو تحفہ میں عطا ہونے والے الیکٹیبل وزراء کی کوئی نہ کوئی بد عنوانی یا اسکینڈل سامنے آتا رہتا ہے لیکن NABصرف اپوزیشن کی لگامیں کسنے میں ہی مشغول ہے ۔نہ جانے یہ انصاف کی کونسی قسم ہے کہ مخالف کو مجرم اور حمایتیوں کو سرخروئی کی منزل عطا کرتی ہے۔مرکزی رہنمائوں مولانا محمد اسلم غوری ،مولانا محمد غیاث و دیگر رہنمائوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اپنے مسائل کے حل کیلئے پی ڈی ایم کا ساتھ دیں اور حکومت کی رخصتی میں معاونت کرتے ہوئے کراچی جلسہ میں اپنی بھر پور شرکت یقینی بنائیں۔
علامہ راشد محمود سومرو

ای پیپر دی نیشن