راولپنڈی (جنرل رپورٹر)راولپنڈی سمیت صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں کی کینٹین اور کیفے کی مکمل انسپکشن کی ہدایت کر تے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے اس حوالے سے پنجاب بھر کی تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو افسران کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے ڈیپارٹمنٹ کے سیکشن افسر کی جانب سے بھیجے گئے لیٹر میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل رفاقت علی کی جانب سے رواں سال یکم جون کولکھے گئے لیٹر نمبر 3872/PFA/DG(PFA)2021 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی انسپکشن کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہسپتالوں کی کینٹین میں حشرات الارض کا کوئی مناسب انتظام نہیں کیا جاتا،کینٹین اور کیفے کے اندر خود حفاظتی الاٹ کا مکمل فقدان دیکھنے میں آیا ہے اسی طرح اشیائے خوردونوش کے سٹاک میں حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر نہیں رکھا جاتا،مضر صحت اشیا فروخت کی جاتی ہیں ان کینٹین اور کیفے میں کام کرنے والے ملازمین کے میڈیکل سرٹیفکیٹ کا کوئی تصور ہی نہیں پایا جاتا اور نہ ہی ملازمین کو کوئی بنیادی ٹریننگ دی جاتی ہے اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ فوری طور پر اپنے اپنے اضلاع میں تمام سرکاری ہسپتالوں کی میرٹ پرمکمل انسپکشن کروا ئیں اورفوری رپورٹ ارسال کریں ۔