ایران جوہری معاملہ سفارت کاری سے حل نہ ہوا تو دیگر آپشنز پر غور کرینگے، جوبائیڈن

Aug 28, 2021 | 13:47

ویب ڈیسک

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ ایرانی جوہری پروگرام کا معاملہ اگر سفارت کاری سے حل نہ ہوا تو امریکہ دیگر آپشز پر غور کرنے کے لیے تیار ہے۔واشنگٹن میں اسرائیل کے نئے وزیر اعظم نفتالی بینیٹ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا کہ امریکہ سفارت کاری کو اولیت دے رہا ہے اور دیکھیں کہ یہ ہمیں کس طرف لے جاتا ہے۔ اگر سفارت کاری ناکام ہوجاتی ہے تو ہم دیگر آپشنز پرغور کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔وائٹ ہائوس میں اسرائیلی وزیراعظم سے 50 منٹ کی ملاقات کے بعد جوبائیڈن نے صحافیوں کو بتایا کہ اگر ایران کے ساتھ مذاکرات کے نتائج نہ نکلے تو امریکہ غیرمتعین اقدامات کرنے پر غور کرے گا۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینیٹ نے صدر جوبائیڈن کی جانب سے ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے نہ دینے کے عزم کی تعریف کی۔اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے کہا کہ انہیں امریکی صدر کے واضح الفاظ سن کر خوشی ہوئی کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔ جوبائیڈن سفارتکاری پر زور دے رہے ہیں لیکن اگر یہ راستہ کامیاب نہ ہوا تو اس کے علاوہ بھی آپشنز پر غور کیا جائے گا۔

مزیدخبریں