وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے احکامات کی روشنی میں جنرل ہسپتال / پی جی ایم آئی کی انتظامیہ نے مختلف گریڈوں میں اپنے فرائض سر انجام دینے والے 1360 جبکہ انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے 347 ملازمین کی تنخواہوں کے ساتھ25فیصد سپیشل الاؤنس کا اضافہ کر دیاگیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے طے شدہ فارمولے کے تحت پورا اترنے والے ملازمین کو مذکورہ الاؤنس یکم جون سے ان کی تنخواہوں میں شامل کیا گیا ہے جو یکم ستمبر کو ملنے والی تنخواہوں کے ساتھ ادا کیے جائیں گے ۔ صدر پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن ایل جی ایچ اور پنز کے صدر رانا پرویزنے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کا یہ اقدام ملازمین کے لئے باعث مسرت ہے اور اس پر فوری عملدرآمد کر کے ملازمین کو سپیشل الاؤنس کی بر وقت ادائیگی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس پروفیسر خالد محمود کا کہنا تھا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں25فیصد سپیشل الاؤنس شامل ہونے سے اُن کو معاشی طور پر خاطر خواہ ریلیف حاصل ہوگا اور وہ اپنے روزمرہ کے مسائل بہتر طریقے سے حل کر سکیں گے ۔رانا پرویز نے دونوں اداروں کے سربراہوں کو یقین دلایا کہ وہ مریضوں کی بہترنگہداشت اور ادارے کی نیک نامی کے لئے اپنی تما م تر توانائیاں صرف کریں گے اور اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔