بارہ مولہ میں فوجی آپریشن کے دوران 3 کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا‘ قابض فوج کا جموں سیکٹر سے دراندازی پر پاکستانی شہری کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

Aug 28, 2022


سرینگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے کریک ڈاون اور تلاشی آپریشن جاری ہیں ،تازہ فوجی آپریشن میں قابض فورسز نے ضلع بارہمولہ کے قصبے سوپور سے تین بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔قابض بھارتی فوج نے وادی کے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے رکھاہے اور تلاشی کا سلسلہ جاری ہے اس دوران شمالی کشمیر میں بارہ مولا کے قصبے سوپور میں تین نوجوانوں کو گرفتارکیا گیا ۔ جبکہ بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے بین الاقوامی سرحد پر ایک مبینہ پاکستانی دراندازکو گرفتار کر نے کا دعویٰ کیا ہے۔حکام نے بتایا کہ بی ایس ایف کے اہلکاروں نے ایک شخص کو مشکوک نقل و حرکت کرتے ہوئے پکڑ لیا جب وہ سرحد پار سے ارنیا سیکٹر میں سرحد کے اس طرف گھسنے کی کوشش کر رہا تھا۔ضلع گاندربل کے رامواری گنڈ علاقے میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں 2 رہائشی مکان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے ہیں۔دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنما فریدہ بہن جی نے قابض انتظامیہ کی جانب سے میر واعظ کو نماز جمعہ ادا کرنے سے روکنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنا مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے ان ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کو اپنی جدوجہد سے دستبردار نہیں کر سکتا۔ عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ بھارت کے ان ظالمانہ اقدامات کا نوٹس لے۔
کشمیر

مزیدخبریں