اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے خاتون ایڈیشنل سیشن جج کو دھمکی پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کے لیے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر تشکیل دے دیا ہے جو 31 اگست کو سماعت کرے گا۔ رجسٹرار آفس کے نوٹ پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کیا گیا تھا۔ جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بنچ نے ابتدائی سماعت میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون کو سننے کے بعد عمران خان کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کیا تھا اور تین رکنی لارجر بنچ میں مزید ججز کو بینچ میں شامل کرنے کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا تھا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ کی چھٹیوں سے واپسی پر نیا لارجر بنچ تشکیل دے دیا گیا ہے جس کی سربراہی چیف جسٹس اطہر من اللہ خود کریں گے جبکہ جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس بابر ستار اور جسٹس طارق محمود جہانگیری بھی لارجر بنچ میں شامل ہیں۔
عمران کیخلاف توہین عدالت درخواست ، اسلام آباد ہائیکورٹ کا 5 رکنی لارجر بنچ تشکیل
Aug 28, 2022