اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر امداد کا اعلان کیا ہے۔ برطانوی ہائی کمشن کے مطابق برطانیہ سیلاب متاثرین کیلئے پاکستان کو 40 کروڑ 50 لاکھ روپے فراہم کرے گا۔ ادھر پاکستان میں قائم آذربائیجان کے سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آذری صدر کے حکم پر حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے 20 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 45 کروڑ 60 لاکھ روپے بنتے ہیں۔ سیلاب متاثرین کی مدد کے اعلان پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا اقوام متحدہ بھی جائزہ لے رہا ہے اور امدادی فنڈ اقوام متحدہ کی جانب سے منگل کو اپیل جاری ہونے کی توقع ہے۔