سیلاب: پاک فوج کے ملک بھر میں امدادی کیمپ قائم، ریلیف اکاؤنٹ کھول دیا 

Aug 28, 2022

لاہور؍ راولپنڈی؍کراچی (نمائندہ خصوصی+خصوصی نامہ نگار ) چیف آف آرمی سٹاف کی ہدایت پر پاکستان آرمی کی طرف سے ملک گیر سطح پر سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ریلیف کیمپوں کا قیا م کیا گیا ہے۔ اسی سلسلے کے تحت لاہور ڈویژن میں اب تک 10 مقامات پر امدادی کیمپ عمل پذیر ہو چکے ہیں، جن میں فورٹریس سٹیڈیم، صدر گول چکرکینٹ، ورکشاپ سٹاپ والٹن روڈ، ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس بلاک ڈی، جوہر ٹاؤن ،شیبا پارک وائی بلاک اور شبیر شریف چوک ڈی ایچ اے، گریٹر اقبال پارک، قصور نزد ڈی سی آفس، شیخوپورہ نزد ڈی سی آفس اور گرلز ہائی سکول چونیاں  شامل ہیں جبکہ  پاکستان رینجرز پنجاب بھی سیلاب زدگان کی امداد کے لئے لاہور کے مختلف مقامات پر کیمپوں کا قیام کر چکی ہے جن میں غازی روڈ نزد میٹرو، جلو موڑ، ہیر کوٹھی بیدیاں روڈ، کھڈیاں روڈ قصور، آر پی ایس قصور اور آر پی ایس کنگن پور شامل ہیں۔ کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے امدادی کیمپوں کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔ ملتان ڈویژن میں 11 ڈویژن میں 17 پنجاب رینجرز نے لاہور، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، رحیم یار خان، بہاولپور، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں ایک ایک کلیشن پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں۔ فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن میں سرگودھا میں دو اور خوشاب، بھکر اور میانوالی میں ایک ایک پوائنٹ قائم کیا گیا جبکہ جہلم میں دو کیمپوں میں سے ایک جہلم اور ایک چکوال میں قائم کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخواہ (کے پی) میں آرمی فارمیشنز نے بھی کلیکشن کیمپ قائم کئے ہیں۔ بلوچستان  میں آرمی فارمیشنز کی جانب سے 41 فلڈ ریلیف کیمپ قائم کئے گئے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں 111 بریگیڈئر کی جانب سے تقریباً 20 پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیلاب زدگان کی مدد کیلئے عطیات عسکری بنک کے اکاؤنٹ نمبر 00280100620583 میں جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ اکاؤنٹ کا ٹائٹل سیلاب متاثرین کیلئے آرمی ریلیف رکھا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ریڈیو پاکستان اور اس کے ماتحت سٹیشنوں میں فلڈ ریلیف سیل قائم کر دیئے گئے۔ پاک فوج اور فضائیہ کی جانب سے ملک کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں جنوبی پنجاب بلوچستان اور سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہیں۔ 

مزیدخبریں