کراچی (این این آئی)سندھ میں سیلابی صورتحال کے بعد پاک بحریہ کی جانب سے شروع کی گئی امدادی سرگرمیاں صوبے کے دور دراز دیہی علاقوں بشمول گھارو، جاتی، کوڈاریو، چوہڑ جمالی، گوٹھ قادر ڈنو شاہ، جھڈو، میرپور خاص، سنداد گاو¿ں، گاو¿ں بلو، ٹنڈو کے قریب جا کمب، جان محمد، ناکہ گاو¿ں، ٹھٹھہ، گوٹھ کوڈاڑیو، شاہبندر، چوہڑ جمالی، سجاول، کشمور، دادو، جنگو جلبانی، قمبر شہداد کوٹ اور سانگھڑ میں جاری ہیں۔پاک بحریہ کے جوانوں سمیت غوطہ خور ٹیموں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں محصور خاندانوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ پاک بحریہ کی ریسکیو ٹیمیں اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف علاقوں میں سیلابی پانی نکالنے کے عمل میں حصہ لے رہی ہیں۔ مزید براں پاک بحریہ کی جانب سے لگائے گئے میڈیکل کیمپس میں متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پاک بحریہ کے جوان متاثرہ لوگوں میں راشن بیگز، پینے کا صاف پانی، خیمے اور دیگر ضروریات زندگی تقسیم کر رہے ہیں۔ پاک بحریہ کے کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل جاوید اقبال نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ بھی کیا اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ پاک بحریہ، سول انتظامیہ اور مختلف فلاحی تنظیموں کے ساتھ مل کر سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مسلسل مدد کر رہی ہے جبکہ سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ پاک بحریہ کا سندھ میں جاری ریلیف آپریشن مشکل کی گھڑی میں ہم وطنوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے عزم کا عملی مظاہرہ ہے۔
پاک بحریہ/وسیع
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں محصور خاندانوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا
Aug 28, 2022