میرپورخاص(بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر نے ایک این جی او کے گودام پر چھاپہ مار کر ساڑھے 40 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ساڑھے چھ لاکھ مچھردانیاں برآمد کر کے گودام پر پولیس کو تعینات کردیا، ڈپٹی کمشنر کے مطابق برآمد ہونے والی مچھر دانیوں کو جلد سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا، این جی او کے نمائندے کے مطابق مچھردانیاں وفاقی حکومت نے ملیریا کنٹرول پروگرام کے تحت ایک سال قبل فراہم کی تھیں تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زین العابدین میمن اور ڈی ایچ او سید مشتاق شاہ نے میرپورخاص کے علاقے جرواری شاخ کے قریب واقع سماجی تنظیم این آر ایس پی اور وفاقی حکومت کے ملیریا کنٹرول پروگرام کے گودام پر چھاپہ مار کر ساڑھے چھ لاکھ مچھردانیاں برآمد کرکے اپنی تحویل میں لے لیں مچھر دانیوں کی مالیت 40 کروڑ 62 لاکھ 50 ہزار روپے سے بتائی جارہی ہے اس سلسلے میں سماجی تنظیم کے کارکن اور گودام کے انچارج نے بتایا کہ یہ مچھردانیاں وفاقی حکومت کے ملیریا کنٹرول پروگرام کی ہے جو ہمیں ایک سال پہلے دی گئی تھیں جس سے تقسیم کیا جانا تھا لیکن اب تک اسے تقسیم کرنے کا حکم نہیں ملا ہے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اور ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ مذکورہ مچھردانیاں ایک سال سے اس گودام میں پڑی ہوئی ہیں لیکن انہیں تقسیم نہیں کیا گیا اور یہ مچھردانیاں وفاقی حکومت کے ملیریا کنٹرول پروگرام کی ہیں اور سماجی تنظیم این آر ایس پی بھی اس کی پارٹنر ہے اور ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ یہ مچھردانیاں فروخت کرنے کے لیے یہاں رکھی گئی ہے دوسری جانب اس وقت ضلع بھر میں برسات نے تباہی مچائی ہوئی ہے جہاں متاثرین کو مچھر دانیوں کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ملیریا اور ڈینگی کی وبا تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے اور ہم نے اعلی حکام کو اس حوالے سے اطلاع دے دی ہے اور یہ مچھردانیاں جلد بارش کے متاثرین میں تقسیم کی جائیں گی۔