لاہور(کامرس رپورٹر ) پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی سیالکوٹ میں سوہاں والی کے مقام پر بارہ سو ایکڑ پر جدید سہولیات کا حامل صنعتی زون قائم کرےگی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی ہدایت پر سی ای او پیڈمک علی معظم سید نے ٹیم کے ہمراہ سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ علی معظم سید نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما عثمان ڈار اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات کی اور انہیں سیالکوٹ صنعتی زون کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ علی معظم سید نے بتایا کہ زمین کے حصول کےلئے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ۔جبکہ فزیبلٹی رپورٹ کےلئے نیسپاک کو ذمہ داری سونپی جا چکی ہے۔ صنعتی زون میں صنعت کی نوعیت اور ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے کلسٹرز بنائے جائینگے۔ اس کے علاوہ گرڈ سٹیشن اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی تعمیر کیا جائےگا۔ صدرسیالکوٹ چیمبرعمران اکبر سمیت دیگر عہدیداران نے صنعتی زون کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا سیالکوٹ انڈسٹریل اسٹیٹ اپنی بہترین لوکیشن اور سہولیات کے باعث نہ صرف سیالکوٹ بلکہ وسطی پنجاب کےلئے گیم چینجر منصوبہ ثابت ہو گا جس سے نہ صرف صنعتکار مستفید ہو سکیں گے بلکہ ہزاروں نئی ملازمتیں بھی فراہم کی جا سکیں گے۔