گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )سیالکوٹ‘ حافظ آباد اور نارووال میں 18 ارب کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے 21 نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام کے خواہشمند ٹھیکیداروں اور تعمیراتی فرموں کی پری کوالیفکیشن کیلئے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔ حکومت پنجاب کے ترقیاتی ویژن اور عوام کوان کی دہلیز پر معیاری سہولیات کی فراہمی کے سلسلہ میں سیالکوٹ میں 13 ارب91 کروڑ سے 16 سڑکوں‘ حافظ آباد میں 2 ارب89 کروڑ سے 4سڑکوں جبکہ نارووال میں 2 ارب سے ایک سڑک کی تعمیر وبحالی عمل میں لائی جارہی ہے۔ سیالکوٹ کے ترقیاتی منصوبوں میں 96 کروڑ کی لاگت سے سٹی روڈز بمشول ڈیفنس روڈ‘ شہاب پورہ روڈ‘ ایمن آباد روڈ‘ سرکلر روڈ‘ریلوے روڈ‘ جیل روڈ اوردیگر سڑکوں کی بحالی بہتری اور کارپٹنگ کی جائے گی۔ اسی طرح ایک ارب17 کروڑ سے سیالکوٹ مرالہ روڈ‘82 کروڑ سے وزیرآباد ڈسکہ روڈ‘31 کروڑ73لاکھ سے موترہ بڈیانہ روڈ‘ 2 ارب76 کروڑ سے سیالکوٹ کینٹ سے جسرگریژن(گروپ 1) اور3 ارب 31 کروڑ سے سیالکوٹ کینٹ سے جسر گریژن (گروپ2) روڈ شامل ہیں۔ 2 ارب سے زائد لاگت کے ساتھ نارووال تا شکرگڑھ روڈکی بحالی کا منصوبہ بھی شروع کیا جارہاہے‘ اسی طرح حافظ آباد میں ایک ارب64 کروڑ کی لاگت سے چنیوٹ تا پنڈی بھٹیاں ایم2 انٹرچینج‘81 کروڑ53 لاکھ سے گوجرانوالہ‘ حافظ آباد‘ پنڈی بھٹیاں روڈ‘25 کروڑ75 لاکھ سے شیخوپورہ سرگودھا روڈ اور 17 کروڑ71 لاکھ کی لاگت سے حافظ آبا د خانقاہ ڈوگراں روڈ کی تعمیر وبحالی کے منصوبے شامل ہیں۔
21 نئے ترقیاتی منصوبوں کی پری کوالیفکیشن کیلئے درخواستیں طلب
Aug 28, 2022