گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) گوجرانوالہ چیمبرنے سیلاب متاثرین کیلئے خطیر رقم سے فلڈریلیف فنڈ قائم کر دیا ہے اور ممبران سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ فنڈز دیں تاکہ کھلے آسمان تلے بیٹھے سیلاب متاثرین کو اشیائے خوردنوش ،ادویات اورخیموں سمیت دیگر اشیائے ضرورت بھجوائی جا سکیں ۔گوجرانوالہ چیمبر کے صدر محمد شعیب بٹ نے کہا کہ فلڈ ریلیف فنڈ قائم کرنے کا مقصد سیلاب سے متاثرہ افراد کو امداد کرنا ہے جو اس وقت ہماری مدد اور تعاون کے منتظر ہیں۔ہزاروں افراد اور لاتعداد مویشی جان کی بازی ہا رچکے ہیں جبکہ کروڑ سے زائد لوگ کھلے آسمان تلے بے یارو مددگار پڑے ہیں ۔انہوں نے ممبران سے اپیل کی کہ وہ اپنے ان تباہ حال بھائیوں اور بہنوں کیلئے فراخدلی کا مظاہرہ کریں جو بنیادی ضروریات زندگی کی عدم دستیابی میں انتہائی کسمپرسی کی حالت میں بیٹھے ہیں۔حکومت اور دیگر محکمے اس سنگین صورتحال پر اکیلے قابو نہیں پاسکتے لہٰذا بزنس کمیونٹی کو اپنا بھر پور کردار اد اکرنا ہوگا۔ مشکل کے اس وقت میں سیلاب زدگان کی بحالی تک گوجرانوالہ کی تمام بزنس کمیونٹی حکومت وقت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔نیز انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ اس وقت پاکستان قدرتی آفات سے گھیرا ہوا ہے نئے ڈویژنز بنانے پر جو پیسے خرچ ہونے جا ررہا ہے اسے فی الحال روکا جائے اور وہ رقم سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے خرچ کیا جائے ۔