کابل: طالبان کے قائم مقام وزیر دفاع نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان نے امریکی ڈرونز کو افغانستان تک رسائی کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری معلومات کے مطابق ڈرون پاکستان کے راستے افغانستان میں داخل ہو رہے ہیں، وہ پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتے ہیں، ہم پاکستان سے کہتے ہیں کہ اپنی فضائی حدود ہمارے خلاف استعمال نہ کریں۔عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق قائم مقام وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے کابل میں ایک نیوز کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ امریکی ڈرون پاکستان کے راستے افغانستان میں داخل ہو رہے ہیں۔جبکہ پاکستان کی وزارت خارجہ نے فوری طور پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ اس سے قبل پاکستانی حکام نے اس ڈرون حملے میں ملوث ہونے یا اس کے بارے میں علم ہونے کی تردید کی ہے۔پاکستان کی جانب سے تردید اس وقت سامنے آئی جب امریکا نے کہا تھا کہ اس نے جولائی میں کابل میں القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری کو ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا۔