لاہور(نامہ نگار)لاہور پولیس کی جانب سے ایشیا کپ میچزکے دوران کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور شائقین کا فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا ہے۔سکیورٹی پلان کے مطابق 10ایس پیز،36ڈی ایس پیز،86ایس ایچ اوز،445اپر سبارڈنیٹس اور 5ہزار سے زائد پولیس کے جوان میچز کے دوران سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایشیا کپ کے تین میچز ہو ں گے۔ پہلا میچ بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین3ستمبرکو ہو گا۔دوسرا 5ستمبرکوسری لنکا اور افغانستان کے مابین جبکہ 6ستمبر کوسپر فور مرحلے کا میچ کھیلا جائیگا۔ لاہور پولیس نے ایشیا کپ کیلئے بہترین سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔ ایشیا کپ کے دوران شہر بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ کھلاڑیوں کی قیام گاہ، روٹس اور قذافی سٹیڈیم کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات عمل میں لائے جائیں گے۔ کرکٹ کھلاڑیوں وشائقین کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے بیرئیرز، واک تھروگیٹس،میٹل ڈیٹیکٹرز، خاردار تاریں ودیگرسیکورٹی انتظامات بروئے کار لائے جائیں گے۔سٹیڈیم میں داخلے سے قبل ہر فرد کی تلاشی کو یقینی بنایا جائیگاجبکہ خواتین شرکاء کی چیکنگ بذریعہ لیڈیز پولیس عمل میں لائی جائیگی۔ سپروائزری افسران ایشیا کپ کے دوران سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔ ایشیا کپ میچوں کے دوران ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو کی ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کریں گی۔ بلال صدیق کمیانہ نے شہر کی اہم شاہراؤں، مارکیٹوں،پبلک مقامات پر ناکے لگانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ ایشیاکپ کے میچز کے دوران سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے لاہور کے مختلف علاقوں کی موثر مانیٹرنگ کی جائیگی۔ لاہور پولیس قیام ِ امن کیلئے مسلسل سرگرم عمل ہے۔ لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اورکھیلوں کے فروغ میں بھر پور ماونت فراہم کر رہی ہے۔