حکومت تھیٹر کے نام پر بیہودگی پھیلانے والوں سے بلیک میل نہیں ہو گی: عامر میر 

Aug 28, 2023


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ حکومت تھیٹر کے نام پر فحاشی پھیلانے والوں سے بلیک میل نہیں ہو گی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فحاشی اور عریانی پھیلانے والے عناصر جینوئین فنکاروں کے ترجمان بننے کی کوشش مت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جینوئن فنکار بیہودگی کے خلاف کریک ڈاو¿ن پر حکومت پنجاب کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فحش مجروں سے مال بنانے والے عناصر فنکاروں کے نمائندے تسلیم نہیں کیے جا سکتے۔ تھیٹر کو فحش مجروں کی آماجگاہ بنانے والوں کے خلاف کریک ڈاو¿ن جاری رہے گا۔ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کا سخت احتساب کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت ڈرامہ ایکٹ میں ترامیم متعارف کروا رہی ہے اور ڈراموں میں ڈانس پر پابندی لگا دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ڈرامہ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے پروڈیوسرز کو سزائیں دی جائیں گی اور جرمانے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد نیا ڈرامہ ایکٹ بہت جلد نافذ کیا جائے گا۔ سیل کیے گئے کمرشل تھیٹرز نئے ڈرامہ قوانین کے نفاذ تک بند رہیں گے۔ تھیٹرز کو پاکستانی ثقافت اور پرفارمنگ آرٹ کے فروغ کی ذمہ داری دی جائے گی۔
عامر میر

مزیدخبریں