حکومت 200 یونٹ بجلی فری کرے‘ ہم 300 یونٹ مفت دیں گے: علیم خان

Aug 28, 2023


لاہور (نیوز رپورٹر) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حکومت نادار و مفلس شہریوں پر رحم اور انہیں فوری ریلیف فراہم کرے، حکومت دو سو یونٹ تک بجلی کا بل فری کرے ورنہ عوام کا غم و غصہ اور احتجاج ختم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل سوار اور بڑی گاڑی والے سے پٹرول کی یکساں قیمت وصول کرنا ہرگز انصاف نہیں، بڑے سرمایہ داروں اور کاروباری اداروں کا فی یونٹ بل بڑھایا جبکہ غرباء کو خاطر خواہ ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اشرافیہ اور امراءکی مالی حیثیت دیکھتے ہوئے ان پر ڈائریکٹ ٹیکس عائد اور ان سے وصول کرے اور جو این ٹی این نمبر کے بغیر دکانداری یا سرمایہ کاری کررہے ہیں انہیں بھی ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے۔ استحکام پاکستان پارٹی اقتدار میں آکر کسی سے تین سو یونٹ تک بجلی کا بل وصول نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی آفس میں ملاقات کیلئے آنے والے سابقہ وفاقی وصوبائی وزراءاور ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سے بات چیت کر تے ہوئے کیا۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ بجلی بلز بارودی سرنگوں سے زیادہ خطرناک ثابت ہورہے ہیں، عام آدمی کی جان بہت قیمتی ہے جبکہ مہنگائی سے پریشان شہریوں میں اپنے ہاتھوں سے اپنی زندگی ختم کرنے کارجحان ہرگز جائز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام کا سورج طلوع ہوگا، معاشی ابتری قصہ ماضی بن جائے گی۔
عبدالعلیم خان

مزیدخبریں