تحریک رجوع الی القرآن کی نصف صدی‘ ڈاکٹر اسرار جسم و روح کے طبیب تھے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی انجمن خدام القرآن لاہور کے زیر اہتمام ”ڈاکٹر اسرار احمد کی تجدیدی مساعی اور تحریک ِرجوع الی القرآن کی نصف صدی“ کے عنوان سے 27 اگست 2023ء کو الحمرا ہال میں ایک انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پہلے سیشن میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے کہا کہ ڈاکٹر اسرار احمد نے تحریک رجوع الی لقرآن اور اقامت دین کی جدوجہد میں تن من دھن لگا دیا۔ انہوں نے دین کو ایک پیشہ کے طور پر کبھی نہ لیا بلکہ للہیت کے جذبہ سے سرشار ہو کر اس کارِ خیر میں حصہ لیا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ڈاکٹر اسرار احمد کو اللہ نے ایسا فضل عطا فرمایا کہ وہ جسم اور روح دونوں کے طبیب کی حیثیت رکھتے تھے۔ ڈاکٹر صاحب نے اپنی زندگی کو قرآن کی خدمت اور لوگوں کو قرآن سے جوڑنے کے کام میں وقف کر دیا۔ معروف اسلامی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملائیشیا سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اسرار احمد اسلامی انقلاب کے داعی اور امت کو قرآن و سنت کی طرف واپس لانا چاہتے تھے۔ وہ بہترین مفسر قرآن تھے ان کی سیاسی فکر بھی انتہائی متاثر کن تھی۔ امریکہ سے بذریعہ ویڈیو اپنے پیغام میں استاذ نعمان علی خان نے کہا کہ دعوت قرآن اور اقامت دین کے لیے جدوجہد کے سلسلے میں ڈاکٹر اسرار احمد کی خدمات آج اور مستقبل کی نسلوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے اسلام کے جامع تصور کی دعوت دی جس میں انفرادی اور اجتماعی زندگی دونوں کے حوالے سے قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی موجود ہے۔ معروف دانشور احمد جاوید نے کہا کہ اگرچہ نو آبادیاتی دور کے گزر جانے کے بعد بہت سی تحریکوں نے احیائے اسلام اور تجدید دین کے لیے جدوجہد کے علم کو اٹھایا‘ لیکن ڈاکٹر اسرار احمد کے اسلام کے کارناموں اور اقامت دین و رجوع القرآن کے سلسلے میں ان کی جدوجہد کا امتیازی وصف یہ تھا کہ انہوں نے اس کی بنیاد تعلق مع اللہ پر رکھی۔ صدر انجمن خدام القرآن فیصل آباد ڈاکٹر عبد السمیع نے کہا کہ ڈاکٹر اسرار احمد کی تحریک رجوع الالقرآن نے عام مسلمان کو بھی اللہ کے فضل سے جہاد بالقرآن کے ذریعے اسلام کی نشاة ثانیہ کا پیغام دیا۔ صدر انجمن خدام القرآن ملتان محمد طاہر خاکوانی نے کہا کہ ڈاکٹر اسرار احمد بیسوی صدی کے دوران تجدید اسلام کے حوالے سے اہم شخصیت ہیں جنہوں نے امت مسلمہ کو قرآن سے جوڑا اور مسلمانوں کو اسلام کے غلبے کا سبق یاد دلایا۔ یوتھ کلب کے بانی رکن محمد علی نے کہا کہ ڈاکٹر اسرار احمد کی شخصیت اور دعوت سے متاثر ہو کر نوجوانوں کثیر تعداد آج بھی دین کی طرف لوٹ رہی ہے۔ ڈاکٹر صاحب کے کلپس جو سوشل میڈیا پر موجود ہیں وہ لوگوں کے لیے کئی معاملات میں ہدایت کا باعث ہیں۔ صدر مرکزی انجمن خدام القرآن لاہور اور ڈاکٹر اسرار احمد کے بڑے صاحب زادے ڈاکٹر عارف رشید نے ڈاکٹر اسرار احمد کا رجوع الی لقرآن اور اقامت دین کا جذبہ اور ان کی تجدیدی مساعی کو اپنے بچپن و جوانی کے اور واقعات کو مشاہدات کی روشنی میں بیان کیا۔ ڈاکٹر اسرار احمد نے اسلام کے انقلابی پیغام کو وسیع پیمانے پر عام کیا اور اقامت دین کی بھرپور جدوجہد کو اپنی زندگی کا مشن بنایا۔ انہوں نے تمام مہمان مقررین اور شرکاء محفل کا شکریہ ادا کیا۔ سینئر مفتی جامعہ الرشید مفتی حسین خلیل خیل نے کہا کہ امت مسلمہ اور پاکستان قوم کو درپیش مسائل کے حل کا بلیوپرنٹ پیش کیا۔ جو قرآن کی بنیاد پر ہے۔ معروف عالم دین مفتی طارق مسعود نے کہا کہ میرے نزدیک ڈاکٹر اسرار احمد کا شمار اس دور کی چار اہم ترین شخصیات میں ہوتا ہے۔ ڈاکٹر صاحب نے قرآن کے ان مضامین کو عام کیا اور لوگوں تک پہنچایا جن کا سبق امت مسلمہ بھول چکی تھی۔ معروف دینی سکالر ڈاکٹر صہیب حسن نے انگلینڈ سے اپنے ویڈیو خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر اسرار احمد نے امت کو رجوع الی لقرآن کی طرف راغب کیا اور نظام خلافت کی اصطلاح کو زبان زدِ عام کیا۔ معروف موٹیویشنل سپیکر قاسم علی شاہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ڈاکٹر اسرار احمد کو جو عظمت عطا فرمائی وہ ان کے خالقِ حقیقی سے جا ملنے کے بعد پوری طرح ظاہر ہوئی۔ اللہ تعالیٰ نے ڈاکٹر اسرار احمد کی ذات سے ایک ادارے جیسے کام لے لیا۔ ڈین فیکلٹی آف اسلامک سٹڈیز پنجاب یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر محمد حماد لکھوی نے کہا کہ ڈاکٹر اسرار احمد کی لوگوں سے محبت بھی قرآن و سنت کی بنیاد پر تھی اور ناپسندیدگی بھی اسی بنیاد پر تھی۔ ڈاکٹر اسرار احمد کے رجوع الی لقرآن کے دروس کی تاثیر اور اس کی بنیاد پر عملی تحریک آج بھی موجود ہے۔ اسلامک آرگنائزیشن آف نارتھ امریکہ کے امیر مصطفیٰ الترک نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر اسرار احمد نے جہاد بالقرآن اور جہاد فی سبیل اللہ کے مربوط عنوانات کے تحت اقامت دین کی جدوجہد کا آفاقی پیغام دیا۔ کانفرنس کے دوران حافظ عاطف وحید نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دیئے۔ کانفرنس کو سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کیا گیا۔  ناظرین کو مرکزی انجمن خدام القرآن لاہور کی تاسیس کو 50 سال مکمل ہونے پر بنائی گئی خصوصی ڈاکومینٹری بھی SMD سکرینز پر دکھائی گئی۔ آخرمیں امیر تنظیم اسلامی شجاع الدین شیخ نے دعا کروائی۔

ای پیپر دی نیشن